ایلس اِن ونڈر لینڈ ایک نہایت ہی منفرداور بچوں کا پسندیدہ ناول ہے جو لیوس کیرول کی تحریر ہے۔ یہ ناول ایک چھوٹی بچی ایلس پر مبنی ہے جو کہ ایک نہایت متجسس اور تخیل سے بھرپور بچی ہے۔کہانی کا آغاز ایک سفید خرگوش سے ہوتا ہے۔ اسے دیکھتے ہی ایلس کی متجسس فطرت بیدار ہو اٹھتی ہے اور وہ اس کا پیچھا کرتے کرتے ایک عجیب و غریب جادوئی دنیا ’’ونڈر لینڈ‘‘ میں داخل ہو جاتی ہے۔سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس دنیا میں ایلس کے ساتھ عجیب و انوکھے واقعات پیش آتے ہیں۔ کبھی اس کا قد اتنا بڑا ہو جاتا ہے کہ اس کا سر گھر کی چھت سے جا لگتا ہے، اور کبھی وہ اتنی چھوٹی ہو جاتی ہے کہ ایک کھمبی کے برابر دکھائی دینے لگتی ہے۔اس کہانی میں ایلس کا سامنا مختلف مگر نہایت انوکھے اور دلچسپ کرداروں سے ہوتا ہے، جیسے چیشا بلا، جو کبھی اچانک ظاہر ہو جاتا ہے اور کبھی غائب ہو جاتاہے، ٹوپی ساز، سرپھرا خرگوش، اور ہر بات پر سر قلم کرنے کا حکم دینے والی ملکہ۔کہانی کا ہر حصہ اپنے اندر ایک الگ دنیا اور حیرتوں سے بھرپور کردار سموئے ہوئے ہے۔ کیا ایلس اس جادوئی ونڈر لینڈ سے کبھی باہر نکل پائے گی؟ کیا اس دنیا کے کردار ایلس کو ہمیشہ کے لیے اپنے پاس روک لیں گے؟تو آئیے، ایلس اِن ونڈر لینڈ کی اس پراسرار اور مسحور کن دنیا کو جاننے کے لیے 11 حصوں پر مشتمل یہ زبردست سلسلہ پڑھتے ہیں۔